عمران اہلیت کیخلاف فل کورٹ کی درخواست خارج- ترین نااہلی برقرار

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی اور عمران خان کو اہل قرار دیئے جانے سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی درخواستیں مسترد کردیں۔حنیف عباسی نے عمران خان کی اہلیت سے متعلق فیصلے پر فل کورٹ تشکیل دینے اور جہانگیر ترین نے اپنی نااہلی کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی تھی۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کی نا اہلی پر نظرثانی اپیل کی سماعت سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ٹرسٹ ڈیڈ کے اصل مالکان جہانگیرترین اوران کی اہلیہ ہیں، ہمیں صرف جہانگیرترین اورجائیدادمیں تعلق کی وضاحت چاہیے۔چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ اب لہر یہ ہے کہ لیڈر پیسہ ملک میں لائیں، آپکے موکل اتنے بڑے لیڈر ہیں کبھی انھوں نے سوچا کہ یہ پیسہ ملک میں واپس آنا چاہیے، باہر سے پیسہ ملک میں لایا جانا چاہیے،ہم کیس کی دوبارہ سماعت نہیں کر رہے ہیں، اس وقت آپ کو پوچھتے رہے لیکن آپ نے ٹرسٹ ڈیڈ بھی بہت آخر میں دی،فیصلہ پڑھ رہا تھا کہ آپ نے کمپنی اور شیئر بھی خریدے،کوئی عوامی عہدے دار ایسی مشکوک ٹرانزیکشن کیسے کر سکتا ہے؟ جس پر جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر مہمند دلائل دیتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور سکندر بشیر مہمند نے بلند آواز میں بولنا شروع کر دیا۔چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر مہمند کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنی آواز نیچے رکھیں اور چیخیں مت، عدالت کے احترام کو مدنظر رکھیں۔جس پر سکندر بشیر مہمند کا کہنا تھا کہ معافی چاہتا ہوں مجھے اونچا بولنے کی عادت ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے عدالت میں اپنا موقف پیش کرنا چاہا تو عدالت نے جہانگیرترین کوبات کرنے سے روک دیااور ریمارکس دیئے کہ جہانگیر ترین کے کیس میں ایسا کچھ نہیں جس پر نظر ثانی کی جا سکے لہذا سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کی نظرثانی اپیل مسترد کر دی جس کے بعد ان کی نااہلی تا حال برقرار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More