خوشحال ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں – 10 زخمی

0

سیوھن (نمائندہ امت)کراچی سے پشاورجانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس جام شورو میں سن کے قریب پٹری سے اتر گئی، گزشتہ شب 2 بجے حادثہ ٹریک بوسیدہ ہو نے کی وجہ سے پیش آیا۔ جس میں ٹرین کی 8بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتاہم 10 مسافر زخمی ہو گئے۔ ٹرین حادثے کے بعد کوئٹہ سے آنے والی بولان ایکسپریس کو سن ریلوے اسٹیشن اور پشاورسے آنیوالی خوشحال خان خٹک ڈاؤن ایکسپریس کو دادو ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، جبکہ پشاور سے کراچی جانے والی ایک اور ٹرین کو سیوھن کے قریب آمری ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ ٹریک کی بحالی اور امدادی کاموں کی نگرانی کے لیے کراچی و حیدرآباد اور کوٹری سے ریلوے حکام جائے حادثہ پر پہنچے۔ جبکہ لاڑکانہ سے ریلیف ٹرین طلب کی گئی۔ 14 گھنٹے تک ٹریک کی بندش سے مسافروں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مذکورہ حادثہ کا نوٹس لیتے ہو ئے ڈی ایس ریلوے کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات شام 5بجے تک ٹریک بحال ہو جائے گا لیکن اس ٹریک پر اپ ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر ہو گی۔ واضح رہے کہ اس ٹریک پر خوشحال خان ایکسپریس اور بولان ایکسپریس رات میں کراچی سے روانہ ہو تی ہیں لیکن دونوں ڈاؤن ٹرینیں حادثہ کی وجہ سے کراچی وقت پر نہیں پہنچیں،جس کی وجہ سے اس ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت میں غیر معمولی تاخیر کا سامنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More