وسطی میں شجرکاری مہم نمائشی نکلی – لاکھوں کی بھالو مٹی ضائع
کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف) ضلع وسطی میں لاکھوں روپے مالیت سے شروع کی جانے والی شجر کاری مہم نمائشی نکلی ۔ہزاروں کی تعداد میں نیم،کوہاجانا اور گول موہر نامی پودے دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے مرجھا گئے۔لاکھوں روپے مالیت کی بالو مٹی کچرا کنڈی کی نذر ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق ضلعی وسطی میں اپسرہ اپارٹمنٹ،لیاقت آباد فلائی اوور سمیت دیگر مقامات پرنیم،کوہاجانا اور گول موہر جیسے پودے کچرے کے ڈھیر میں لگاکر چھوڑ دیئے گئے ہیں۔جبکہ بیشتر مقامات پر بالو مٹی کچرا کنڈیوں میں پھینک دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر شہر بھر میں 100روزہ صفائی مہم شروع کی گئی تھی ،جو محض چند علاقوں تک محدود رہی۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع وسطی میں میئرکراچی کی ہدایت پر صفائی مہم اور شجر کاری مہم شروع کی گئی تھی اور چیئرمین ریحان ہاشمی نے اپنی نگرانی میں ناظم آباد گرین بیلٹ،واٹر پمپ چورنگی،،فیڈرل بی ایریا، عائشہ منزل چورنگی، نیو کراچی،نارتھ ناظم آباد،فاؤ اسٹار چورنگی سمیت دیگر مقامات پر پودے لگائے تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ پودے کچھ دن بعد ہی مرجھا گئے تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں دوبارہ سے ان ہی مقامات پر شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے۔مذکورہ شجر کاری مہم میں نیم،الیسٹونیا،کوہاجانا،گول موہر،اماتات جیسے مہنگے پودے لگائے گئے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ چند مقامات پر ہی صرف کھاد سے پودے لگائے گئے ہیں ،تاہم بیشتر مقامات پر بھالو مٹی ڈال کر پودے لگائے گئے ہیں ،جس کے ایک ڈمپر کی قیمت 10ہزار روپے سے زائد ہے اور شجر کاری مہم میں کئی ڈمپر منگوائے گئے تھے ،تاہم مٹی لیاقت آباد فلائی اوور، اپصرہ اپارٹمنٹ،ناظم آباد اور نیوکراچی کے کئی مقامات پر پھینک دی گئی ہے۔ڈی ایم سی وسطی کی نااہلی کی وجہ سے قیمتی بھالو مٹی پر شہریوں نے کچرا ڈالنا شروع کردیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شجر کاری مہم شروع کرنے سے قبل گلبرک زون کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریحان امدانی کو ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس تعینات کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ریحان ہاشمی نے اپنے قریبی ساتھی ضلع وسطی میں تعینات کرکے شجر کاری مہم شروع کی ،جس کے لئے مختلف مقامات سے پودے خریدے گئے، تاہم کچھ پودے کے ایم سی کے محکمہ سے بھی لئے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی ایم سی وسطی کی نااہلی کی وجہ سے 250سے زائد پارک کھنڈرات میں تبدیل ہوگئے ہیں ،جبکہ کچھ پارکوں پر فیسٹول لگوائے جاتے ہیں، جس کا حصہ ریحان ہاشمی سمیت دیگر افراد کو جاتا ہے ۔’’امت‘‘ نے اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس ریحان امدانی سے موقف کے لئے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ بھی معلوم نہیں ہے ،میں صرف گلبرک زون کو جانتا ہوں،دریں اثنا’’امت‘‘ کو ضلع وسطی کے ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف نے بتایا کہ کچھ مقامات پر ہی کھاد کا استعمال کیا گیا ہے ،تاہم بیشتر مقامات پر بھالو مٹی کا استعمال زیادہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پودوں کی مالیت کا جواب میں نہیں دے سکتا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کچرا ڈالنے پر شہریوں کے خلاف ایف آئی آر بھی کاٹی گئی ہے ،تاہم بھالو مٹی خراب نہیں ہوئی ہے۔ ضلع وسطی میں ایک لاکھ نیم کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔