لاہور (امت نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افسروں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان نے وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افسروں کو عہدوں سے ہٹانے کی ہدایات جاری کیں۔قبل ازیں وزیراعظم نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک گفتگو میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمران خان نےڈاکٹر طاہرالقادری کو ٹیلی فون کیا، اس دوران ہونے والی گفتگومیں ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔