سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں لواحقین سمیت 9 گواہوں کے بیانات قلمبند
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں لواحقین سمیت 9 گواہوں کے بیانات قلبند کرتے ہوئے 3 اکتوبر کو مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے ۔سماعت پر جیل حکام کی جانب سے گرفتار ملزمان متحدہ کے دہشت گرد رحمان بھولا اور زبیر چریا کو پیش کیا گیا۔اس موقع پر متحدہ رہنما رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے۔خصوصی عدالت نےسابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں گواہ پولیس اہلکار کا بیان قلمبند کرتے ہوئے5اکتوبر کو مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔ سماعت پر ملزمان متحدہ کے منہاج قاضی اور محبوب عرف غفران عرف اطہر کو پیش کیا گیا۔استغاثہ کے مطابق متحدہ قائد الطاف حسین کی جانب سے شاہد حامد کو قتل کرنے کے احکامات دئیے گئے۔ خصوصی عدالت نے سانحہ صفورہ کیس میں پیش نہ ہونے پر ملزم سلطان قمر کے بھائی حسین عمر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے حکام سے ملزم سلطان قمر کے مقدمہ سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔