ائیربلیو کی 4پروازوں میں تاخیر سے مسافر سراپا احتجاج
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایئربلیوکی 4 پروازوں میں تاخیرپرمسافرسراپا احتجاج بن گئے ،کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے لئےفضائی کمپنی کے پاس طیارہ ہی موجود نہ تھا ،لاہور اور جدہ کی پرواز بھی شیڈول کے مطابق روانہ نہ کی جاسکی۔ شاہین ایئر کی بندش کے بعد پی آئی اے سمیت نجی فضائی کمپنیوں پر بھی مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے جس سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کےفارمولے کے تحت صارفین کو مہنگے کرائے پر سفر کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کراچی ایئر پورٹ پر شام 6بجے روانہ ہونےوالی پرواز پی اے 204کے مسافر اس وقت سراپا احتجاج بن گئے جب انہیں بورڈنگ پاسس جاری کرنے سے انکار کیا گیا۔ بورڈنگ کاؤنٹر پر مسافروں کو بتایا گیا کہ ابھی بورڈنگ پاس جاری نہیں کئی جا سکتے کیونکہ جس طیارے میں انہیں اسلام آباد روانہ کیا جائے گا وہ اب تک کراچی ایئر پورٹ پہنچا ہی نہیں یہ اطلاع ملتے ہی مسافروں نے کراچی ایئر پورٹ پر احتجاج کرنا شروع کردیا ،ہوائی اڈے پر گڑ بڑ ہوتے دیکھتے ہی ایئر بلیو کے عملے نے اے ایس ایف کی مدد حاصل کر لی۔ اے ایس ایف اہلکاروں کی یقین دہانی پر احتجاج ختم ہوگیا۔