کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمود آباد پولیس نے ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے کارکن کو 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔اور ان سے اسلحہ، موبائل فونز، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزمان خاتون کے ذریعے شہر میں وارداتیں کرتے تھے ،جو کارروائی کےد وران فرار ہوگئی ۔ ایس ایچ او سرور کمانڈو نے ”امت“ کو بتایا کہ پولیس کو اطلاعات مل رہی تھیں کہ محمود آباد کے علاقے میں ایک خاتون سنسان سڑک پر کھڑی ہوکر موٹر سائیکل پر سوار نوجوانوں کو رکنے کا اشارہ کرتی ہے اور 4 مسلح ملزمان لوٹ مار کے بعد فرار ہوجاتے ہیں، گزشتہ روز ریلوے لائن کے قریب پولیس نے کارروائی کرکے واردات کے ارادے سے کھڑے ملزمان رضوان، کاشف اور طارق عزیز کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول، 7 چھینے گئے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، جب کہ ان سے کچھ فاصلے پر کھڑی خاتون فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی ۔ملزم رضوان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ متحدہ لندن لانڈھی سیکٹر کا کارکن رضوان ہے ۔ کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد وہ اس گروہ میں شامل ہوا، برآمد ہونےوااسلحہ بھی پارٹی کا ہے۔ جبکہ فرار ہونے والی ملزمہ کا نام صفیہ عرف صفی ہے ، ملزمان نے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوںکا اعتراف کیا ہے۔ ملزمہ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔