کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کیلئے وفاقی پولیس کراچی پہنچ گئی ۔ محکمہ داخلہ نے آئی جی کو اسلام آباد پولیس سے ہرممکن تعاون کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے لئےاسلام آباد پولیس کراچی پہنچی اور فیصل رضا عابدی سے متعلق معلومات حاصل کیں اور اسی دوران چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے محکمہ داخلہ کو بھی ایک لیٹر ارسال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لیٹرمیں فیصل رضا عابدی کی گرفتاری اور اسلام آباد منتقلی میں تعاون کیلئے کہا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ درخواست بذریعہ فیکس موصول ہوئی جس پر 28 ستمبر کی تاریخ درج ہے محکمہ داخلہ نے فوری طور پر وہ لیٹر ہدایتی نوٹ کے ساتھ آئی جی کو مزید کاروائی کے لئے ارسال کر دیا ۔ محکمہ داخلہ نے آئی جی کو فیصل رضا عابدی کی گرفتاری میں مکمل معاونت کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ فیصل رضا عابدی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سپریم کورٹ کے معززججز کی توہین کرنےاور دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔