نوابشاہ میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ملزم زخمی
نوابشاہ (رپورٹ: اسلم اعظمی) نوابشاہ میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ملزم زخمی ہو گیا ،جسے رینجرز اور پولیس نے گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا۔ ملزم کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بم نصب کرتے دھماکہ ہوا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نوابشاہ میں حبیب شوگر مل کے قریب سرکاری گندم کے گودام کے سامنے جمعہ کی شب 8:50 پر ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک 25 سالہ نوجوان زوہیب جمالی شدید زخمی ہوگیا اور اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی فوری طور پر پی ایم سی اسپتال نوابشاہ میں داخل کرادیا گیا۔ جبکہ دھماکے کے بعد علاقے کو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لے لیا۔ اور فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ڈی آئی جی پولیس مظہر شیخ و دیگر پولیس کے افسران کے علاوہ رینجرز کے اعلیٰ حکام نے بھی اسپتال کا دورہ کیااور ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا کہ ملزمان بم نصب کرنے کیلئے لائے تھے، جسے لیپ ٹاپ سے جوڑا جا رہا تھا کہ دھماکہ ہو گیا۔ جس سے ایک ملزم زخمی ہونے کے باعث بھاگ نہیں سکا، جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، اور یہ پتہ چلایا جا رہا ہے کہ اس کا کس تنظیم سے تعلق ہے۔ زخمی ہونے والا زوہیب جمالی نوابشاہ کے علاقے وی آئی پی روڈ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔