30 خطرناک متحدہ دہشت گرد پکڑنے کیلئے خفیہ اداروں سے مدد طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ کے 30خطرناک دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے خفیہ اداروں سے مددطلب کر لی گئی۔ان دہشت گردوں کا تعلق الطاف گروپ کے ڈیتھ اسکوڈ سے ہے ،جو ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اورغیرقانونی اسلحہ سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔ان کے خلاف مختلف علاقوں میں عرفیت پر مقدمات درج ہیں ،تاہم اصل ناموں کی تصدیق نہ ہونے کے باعث پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ریکارڈ کے مطابق خوف کی علامت سمجھے جا نے والے یہ دہشت گردمتحدہ کی اعلیٰ قیادت کے حکم پرسیاسی و لسانی ٹارگٹ کلنگ،ہڑتال کامیاب کرانے کیلئے گاڑیاں جلانے، راہ گیروں پر گولیاں چلانے اورعلاقوں میں فائرنگ کرتے تھے۔اس حوالے سے پولیس نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد روپوش ہونے والے الطاف گروپ کے ان خطرناک دہشت گردوں کی عدم گرفتاری سےعوام کی جان و مال کوتاحال خطرہ لاحق ہے۔ لندن گروپ ٹارگٹ کلرز کے سلیپنگ سیلز بنا کر ایک بار پھر شہر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کرسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق تفتیشی پولیس نے جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت متحدہ دہشت گرد عامر عرف سرپھٹا کے مقدمہ میں رپورٹ جمع کرائی ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ کورنگی،زمان ٹاؤن، لانڈھی شاہ فیصل کالونی،ملیرسعود آباد،لائنز ایریا سمیت دیگر تھانوں میں قتل، اقدام قتل، ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،جلاؤ گھیرائو، غیر قانونی اسلحہ و دہشت گردی ایکٹ کی کارروائیوں میں ملوث الطاف گروپ کے 30 مفرور دہشت گرد گرفت میں نہیں آسکے ہیں ،جس کی وجہ یہ ہے کہ ان دہشت گردوں کے اصل ناموں کی تصدیق نہیں ہورہی اور عرفیت پرمقدمات درج ہونے کے باعث کوئی پراپرٹی سامنے نہیں آئی۔اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کردہشت گرد روپوشی اختیار کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور ان کی گرفتاری میں مشکلات درپیش ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان30 خطرناک دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے رینجرز سمیت خفیہ اداروں سے مدد طلب کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مفرور دہشت گردوں میں فیصل،محسن،تنویر،عظیم پی ایس او والا،سہیل صدیق،وسیم خان عرف چھڈو،رحمان،پٹھان،وحید،خاور عرف انور،مشتاق،پرویز،ریحان،ظفر،نوید،افضل،یشان،سہیل بھورا،شاداب عرف چوا،اسد عرف چور،آصف،عمیر،کاشف بابو،اعجاز،ظہیر اخلاق،سالم عرف گورااور سرفراز سمیت دیگر شامل ہیں۔ مذکورہ دہشت گردوں کا تعلق کورنگی،پی ای سی ایچ سوسائٹی،مسلم کالونی،بفرزون،شاہ فیصل کالونی،لائنز ایریا،ناظم آباد،نیوکراچی،لانڈھی اور ملیر کے سیکٹرز و یونٹ سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ الطاف گروپ نے مذکورہ دہشت گردوں پر مشتمل ڈیتھ اسکوڈ تشکیل دیا ہوا تھا ،جو متحدہ کی اعلیٰ قیادت کے حکم پر مخالف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے کارکنوں کو قتل کرتے تھے، دہشت گردوں نے لسانی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ باغی ہونے والے اپنے ہی ساتھیوں کو بھی ہلاک کیا۔ رپورٹ کے مطابق ان دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج ہیں ،جیسے ہی گرفتاریاں عمل میں آئیں گی ،کیس ری اوپن ہو جائیں گے۔دریں اثنا پولیس گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے متحدہ کے گرفتار دہشت گرد کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں نہیں لاسکی ۔ ریکارڈ کے مطابق یہ دہشت گرد خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے، جو کہ متحدہ کی اعلیٰ قیادت کے حکم پر لوگوں کی جانیں لے لیتے تھے، جب متحدہ نے شہر میں ہڑتال کامیاب کرانا ہوتی تھی ،مذکورہ دہشت گرد گاڑیوں کو نذر آتش کر دیتے تھے اور راہ گیروں پر گولیاں چلاتے تھے ۔علاقوں میں فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلاتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متحدہ کے ان مفرور دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کراچی آپریشن کے بعد روپوش ہونے والے ان خطرناک دہشت گردوں کی عدم گرفتاری سے عوام کی جان و مال کو تاحال خطرات لاحق ہیں۔ لندن گروپ سلیپنگ سیلز بنا کر ایک بار پھر شہر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کرسکتا ہے۔