مقبوضہ بیت المقدس سفارتخانہ پرفلسطین کا امریکہ کیخلاف عالمی عدالت میں مقدمہ

0

مقبوضہ بیت المقدس(خبر ایجنسیاں) فلسطین نے امریکی کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کے معاملے کو عالمی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے امریکی اقدام کو غیرقانونی اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور عالمی عدالت اںصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ اقدام کو غیرقانونی قرار دے اور حکم دے کہ امریکہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانے کے قیام سے دستبردار ہو جائے۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض الملکی کا کہنا ہے کہ مطالبے کا مقصد مقدس شہر کو اس کی منفرد روحانی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مطابق محفوظ بنانا ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ مقدمے کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہے کہ اقوام متحدہ فلسطین کو ریاست کا درجہ دیتا ہے یا نہیں عالمی عدالت صرف اسی صورت میں مقدمے میں کردار ادا کر سکتی ہے اگر فلسطین ایک ریاست کے عالمی قانونی ضوابط پر پورا اترے۔ اسرئیلی قبضے کے بعد اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تمام ملکوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ جب تک اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع حل نہیں ہوجاتا، وہ اپنے سفارتخانے وہاں منتقل کرنے سے باز رہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے وہاں اپنا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کیا تھا اور رواں سال 14مئی کو اسرائیل کی 70ویں سالگرہ پر امریکہ نے وہاں اپنا سفارتخانہ کھول دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More