ناجائز وصولی کے بعد پونے 2 لاکھ کا بل تھوپ دیا

0

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک نے35گز پر بنے مکان کے بزرگ مکین کو 2 بار اضافی بلنگ کا نشانہ بنا ڈالا ۔ایک لاکھ سے زائد رقم کی قسط واروصولی کے چند ماہ بعدہی پونے 2 لاکھ روپے کا دوسرا اضافی بل بھیج دیا۔ آئی بی سی منیجر کی یقین دہانی کےباوجود بل میں شامل اضافی رقم ختم کرنے کے بجائے ناجائز رقم ادا نہ کرنے پر بجلی کاٹنے کی دھمکی دی جانے لگی۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے فردوس کالونی ناظم آباد میں 35گز پر بنےمکان نمبرD-129کے رہائشی محمد مشتاق نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ بجلی کمپنی نے2016 میں اسے ایک لاکھ 8 ہزار کا اضافی بل بھیجا ۔شکایت پر کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا کہ چند اقساط ادا کرنے پر باقی رقم ختم کر دی جائے گی ۔کے الیکٹرک نے اس یقین دہانی کے باوجود رقم ختم نہ کی۔ بل کی قسطیں پوری ہونے کے چند ماہ بعد ہی اسے دوبارہ پونے 2 لاکھ روپے کا بل بھیج دیاگیا اور اب ناجائز رقم ادا نہ کرنے پر کنکشن منقطع کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہیں ۔محمد مشتاق نے بتایا کہ 35گز پر بنے ان کے مکان میں زیر استعمال برقی آلات میں صرف2پنکھے ،6سیور بلب و ایک فریج شامل ہے ۔چھوٹے سے گھر میں صرف 5 افراد مقیم ہیں اور بجلی کا استعمال بھی کم ہے۔ کے الیکٹرک ماہانہ 2تا 3 ہزار کا بل بھیجتی ،جسے میں مقررہ تاریخ تک ادا کر دیتا تھا ۔ 20اپریل2016 کو کے الیکٹرک نے گھر پر لگے میٹر پر یک مشت ایک لاکھ 8 ہزار 28روپے کا بل بھیج دیا ۔گھر کے میڑ کا اکاؤنٹ نمبر 0400019497327اور کنزیومر نمبر LA445693 ہے۔اضافی بل ملنے پر میں ناظم آباد آئی بی سی پہنچا اور عملے سے اضافی بل ملنے کی شکایت کی اور انہیں بتایا کہ مجھے بھیجا گیا بل درست نہیں ۔ آئی بی سی کے عملے کہنے پر اپنی تحریری شکایات جمع کرائی ،لیکن بجلی کمپنی کی یقین دہانی کے باوجود 40دن میں جواب نہیں دیا گیا۔ دوبارہ جانے پر بھی تحریری درخواست لی گئی اور 40دن میں شکایت دور کرنے کا وعدہ کر کے بھیج دیا گیا ۔60 روز گزرنے پر بھی کوئی جواب نہیں ملا ۔ بعد ازاں عملے کے مشورے کے مطابق آئی بی سی منیجرکو مل کر اپنا مسئلہ بتایا۔آئی بی سی مینجر نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں ، آپ کا مسئلہ جلد از جلد حل کر دیا جائے گا۔انہوں نے ساتھ ہی مجھے بل کی قسط وار ادائیگی کیلئے کہااور یقین دلایا کہ آپ چند ماہ تک اقساط ادا کریں ۔اس دوران آپ کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا اور باقی رقم معاف کر دی جائے گی ۔دوسرا کوئی راستہ نہ پا کر میں ہر ماہ کے الیکٹرک کو کرنٹ بل کے ساتھ 4ہزار کی قسط جمع کراتا رہا ،تاہم کے الیکٹرک نے بل میں کوئی کمی نہ کی۔میں رواں سال میں بل کی قسطیں بھرتا رہا ۔چندماہ تو نارمل بل ملے ،لیکن ستمبر2018 میں کے الیکٹرک نے ایک بار پھر ایک لاکھ 81ہزار 100 کا بل بھیج دیا ۔یہ بل لے کر آئی بی سی دفتر گیا تو عملے کا کہنا تھا کہ آپ کو ملنے والا بل درست ہے ،جس کو لازمی ادا کرنا ہوگا ورنہ بجلی منقطع کردی جائے گی ۔منت سماجت کے باوجود بل درست نہیں کیا گیا اور ایک ماہ بعد رابطہ کرنے کا کہ کر واپس بھیج دیا گیا ۔محمد مشتاق نے کہا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی ایک لاکھ 8 ہزار کی رقم ناجائز لے چکی ہے اور اب پھر پونے2لاکھ کا بل بھیج دیا ۔بل میں غیر قانونی طور پر شامل رقم کے متعلق پوچھنے پر کے الیکٹرک کا عملہ جواب دینے کے بجائے ہتک آمیز رویہ اپنا لیتا ہے ۔میں ضعیف العمر ہوں اور بیماری کی وجہ سے کام کرنے سے قاصر ہوں، گھر کا تمام خرچ بیٹے کی کمائی سے چلتا ہے ۔محمد مشتاق نے کہا کہ کے الیکٹرک ناجائز اضافی بل بھیج رہی ہے اور شکایت پر کوئی شنوائی بھی نہیں ہوتی ، حکومت کے الیکٹرک کی ناجائز بلنگ کا نوٹس لیں اور ہمیں درست بل بھیجا جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More