پاکستانی ماہی گیر انسانیت سوز بھارتی سلوک پر پھٹ پڑے
کراچی (رپورٹ: اقبال اعوان) بھارتی قید سے رہائی پانے والے ٹھٹھہ اور بدین کے رہائشی 14ماہی گیر کراچی پہنچ گئے۔اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ ماہی گیر اپنے رشتے داروں سے گلے مل کر روتے رہے، جبکہ ٹرین کے ذریعے کینٹ اسٹیشن پہنچتے ہی ماہی گیروں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ماہی گیر قید کے دوران کئے گئے بھارتی حکام کے غیر انسانی سلوک پر پھٹ پڑے اور مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ گرفتاری سے رہائی تک بھارتی اہلکار ان پر مظالم ڈھاتے رہے۔گرفتاری کے وقت جو کپڑے پہنے ہوئے تھے ان کے علاوہ شناختی کارڈ اور دیگر سامان بھی لے لیا گیا۔ رہائی پر بھی سامان واپس نہیں کیا گیا۔ ننگے پاؤں بھیڑ بکریوں کی طرح جیل بھیجا گیا۔ وہی کپڑے دھو دھو کر پہنتے رہے۔ وطن پہنچنے پر ایدھی سینٹر لاہور میں کپڑے تبدیل کرائے گئے۔ماہی گیر اپنے رشتے داروں کو13ماہ کی قید کی روداد سناتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور پاکستانی ہونا جرم بن گیا اور پاک بھارت کشیدگی بڑھنے پر ہم پر مزید مظالم کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں بھارتی بحریہ نے سمندری حدود کی خلاف ورزی پر 2017میں گرفتار کیا تھا۔ ہمیں 13ماہ گجرات کی جیلوں ‘‘جیسی’’ اور ‘‘کچھ’’ میں رکھا گیا اور 28ستمبر کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ وطن پہنچنے والے ماہی گیروں کو لاہور میں ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا۔ رہائی کی اطلاع ملتے ہی بدین اور ٹھٹھہ میں ماہی گیروں کے رشتہ داروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ ٹرین کی آمد سے 6گھنٹے قبل ہی کینٹ اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔ بھارتی قید سے رہائی پانے والوں میں فیض محمد، حامد علی، لونگ علی، منظور علی، بلو عرف دلبر، امام علی، یاسین، رجب علی، ساجد علی، یوسف، نیاز حسین، فیصل، سراج عرف سرتاج، علی اصغر شامل ہیں۔ ماہی گیروں کو لانے والی ٹرین3گھنٹے تاخیر سےکراچی پہنچی۔ جونہی ٹرین کی آمد کا اعلان ہوا ماہی گیروں کے عزیز اپنے پیاروں کو دیکھنے کیلئے بے تاب ہوگئے اور انہیں گلے لگانے کیلئے پلیٹ فارم پر ٹرین کے ساتھ ساتھ دوڑتے رہے۔ ماہی گیروں نے پلیٹ فارم پر اترتے ہی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔اس دوران ماہی گیر اپنے رشتے داروں سے ملکر روتے رہے۔ فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سےرہا ہو کر آنے والے ماہی گیروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ماہی گیروں کو ایدھی ہیڈ آفس لے جایا گیا۔ بعد ازاں انہیں آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا۔دریں اثنافشر کوآپریٹو سوسائٹی کے ترجمان صدیق چوہدری نے کہا کہ 28ستمبر کو بھارتی حکام نے 14ماہی گیر رہا کئے ہیں۔اب بھی 89ماہی گیر بھارتی جیلوں میں قید ہیں، جن میں کراچی کے 36اور ٹھٹھہ کے 53ماہی گیر شامل ہیں۔