2دیہاتی اغوا کرنے پر گھوٹکی میں مقابلہ – اہلکار شہید
ڈہرکی (نمائندہ امت) گھوٹکی ضلع میں ایک بار پھر بدامنی عروج پر پہنچ گئی۔ اوباڑو سے ڈاکو نے 2 دیہاتیوں کو اغوا کرلیا، تاہم رینی کینال پولیس چوکی پر ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلہ شروع ہوگیا ۔اس دوران ایک پولیس اہلکار شہید، جبکہ ڈاکو نے ایک مغوی کو پھینک دیااور دوسرے کو اغوا کرکے کچے کے علاقے لے گئے۔واقعہ کامقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات دیر سے گاؤں کنڈی وارا چانڈیا میں غلام فرید ڈہر کی زمین پر کاشت کرنے والے 2دیہاتی عمران ملک اور آصف ملک کو ڈاکووں نے اغوا کرکے کچے کی طرف لے کے جا رہے تھے کہ پنھوں خان مزاری کے نزدیک پولیس چوکی پر معمور پولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش اور ڈاکو نکلنے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے رینی کینال وارث پل پولیس چوکی کے اہلکاروں کو اطلاع دی۔ رینی کینال پولیس چوکی پر تنویر بوہڑ اور مشتاق شر نے ڈاکوئوں کو آتے دیکھ روکنے کا اشارہ کیا۔ ڈاکوئوں اور پولیس اہلکاروں میں دوبدو فائرنگ ہوگئی، گولی لگنے سے پولیس اہلکار مشتاق شر موقع پر شہید ہوگیا، جس کے بعد ڈاکووں نے ایک مغوی آصف ملک کو راستے میں پھینک دیا، جبکہ دوسرے مغوی عمران ملک کو کچے لیکر روانہ ہوگئے۔ اطلاع پر ضلع بھر کے مختلف تھانوں کی پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی، جبکہ ایس پی گھوٹکی اسد اعجاز ملہی موقع پر پہنچنے کے بجائے صبح 11پہنچے۔ اس سے قبل ایم پی اے سردار شہریار خان شر بھی واقع والے مقام پر پہنچ گئے۔ پولیس کی سستی دیکھ کر شہریار خان شر دیگر دیہاتوں کے ساتھ ڈاکوؤں کے تعاقب کے لئے کچے کی طرف روانہ ہوگئے۔ایم پی اے کو کچے کی طرف روانہ دیکھ کر ضلع بھر کے مختلف تھانوں کی پولیس بھی کچے کی طرف روانہ ہوگئی۔ دوسری طرف شہید اہلکار کو اوباڑو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد شہید کو ورثاکے حوالے کیا گیا۔ شہید پولیس اہلکار کو اپنے ابائی گاؤں شمش چھپری میں اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔شہید کے جنازے میں ایس پی گھوٹکی اسد اعجاز ملہی نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید اہلکار کے بھائی علی محمد شر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے بھائی فرض سر انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے ہیں، لیکن پولیس کی طرف سے ڈاکوؤں کی گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ رابطہ کرنے پر ایس ایچ او کھمبڑا قمر عباس لونڈ نے بتایا کہ ڈاکوؤں کا تعاقب نہیں کرسکے ہیں اور ناکام ہوکر کچے سے واپس آئے ہیں، لیکن کوشش کر رہے ہیں ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کرکے مغوی کو بازیاب کرایا جائے گا۔دوسری طرف ایم پی اے سردار شہریار خان شر نے کہا کہ جو لوگ شر برادری کو ڈاکو کہتے تھے لیکن آج مشتاق شر نے عوام کے تحفظ کیلئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا ہے۔ان لوگوِں کیلئے ہمارا پیغام ہے، ہمیں فخر ہے کہ شہید مشتاق نے اپنی جان کا نظرانہ پیش کرکے شر برادری کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ آخری اطلاع تک واقع کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرکے کچے کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف گھوٹکی پولیس کی طرف سے بڑے آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔