اسنوکر چیمپئن شپس کی فاتح قومی ٹیم واپس وطن پہنچ گئی
اسلام آباد (امت نیوز) ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن اور پہلی ایشین ٹور 10 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کی فاتح قومی ٹیم اتوار کی صبح واپس وطن پہنچ گئی۔ قومی کھلاڑیوں نے قطر میں منعقدہ چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سونے، ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغے جیت کر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا تھا، ایشین ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستان ٹیم اے نے روایتی حریف بھارت کی اے ٹیم کو شکست فاش سے دوچار کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا، محمد بلال اور محمد ماجد علی پر مشتمل پاکستان ٹیم بی کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا، اس کے بعد ایشین سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہوں نے چاندی کا تمغہ پایا، بابر مسیح نے سیمی فائنل میں شکست کے بعد کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔