ریکوڈک منصوبہ سعودیہ کو دینے پر دھرنا دیا جائے گا-حاصل بزنجو
اسلام آباد(امت نیوز)نیشنل پارٹی نے حکومت کی جانب سے ریکوڈک منصوبہ سعودی عرب کو دینے کے فیصلےکیخلاف ہرروزپارلیمنٹ کے باہر ایک گھنٹے کا دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےنیشنل پارٹی کے سینیٹر حاصل بزنجو نےکہا کہ حکومت کو ریکو ڈک جیسے منصوبے سعودی عرب کو دینے کا کوئی اختیار نہیں۔ یہ منصوبے بلوچستان حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔کیا بلوچستان کی حکومت و اسمبلی ختم ہو گئی جو بلوچستان کے فیصلے وفاقی حکومت کر رہی ہے۔پی ٹی آئی بلوچستان کو تنازع زدہ علاقہ بنانے جارہی ہے کیا آپ کو سعودی عرب و ایران تنازع کا علم نہیں، وفاقی حکومت یہ معاہدہ نہیں کر سکتی۔ جب تک وفاقی حکومت معاہدے کی وضاحت نہیں کر دیتی نیشنل پارٹی کے سینیٹرز پارلیمنٹ کے باہر ہر روز ایک گھنٹے کا دھرنا دیں گے۔پی پی کے رضا ربانی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے سی پیک کو کمزور کرنے کا تاثر عام ہے۔اس کی معاشی پالیسی ناقص ہے ۔ موجودہ حکومت شاید سی پیک منصوبوں پر نظرثانی کر رہی ہے۔اگر چین سے مشاورت کی گئی ہےتو بتایا جائے کہ بیجنگ کا کیا موقف تھا؟۔گزشتہ ہفتے سعودی حکومت نے پاکستان سے سی پیک کے تحت 3منصوبوں کے حوالے سے معاہدہ کیا تھا۔اس ضمن میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے آنے پر مزید معاہدے ہوں گے۔یہ معاہدے سونے اور تانبے کی کانوں ریکو ڈک اور گوادر پورٹ پر آئل ریفائنری کے قیام کے حوالے سے ہوں گے۔