اتائی نرسز کا دروازہ کھل گیا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان نرسنگ کونسل ماضی میں سال میں ایک یا 2 نئے نرسنگ اسکول کھولنے کی منظوری دیتی تھی جبکہ 2018 میں 27 نئے نرسنگ اسکول کھل گئے ہیں جس کے باعث صوبے میں اتائی نرسز کے آنے کا دروازہ کھل گیا ہے کیونکہ نجی میل نرسنگ اسکولوں میں سے چند ایک کے علاوہ کسی کے پاس بھی اپنا اسپتال اور اپنی عمارت موجود نہیں ہے اور کرائے کی عمارتوں میں چلائے جا رہے ہیں اسی طرح بعض نرسنگ اسکول تو 2سے 3کمروں کی عمارتوں میں قائم ہیں جہاں طلبا کیلئے لیبارٹری اور ڈیموسٹیٹر روم بھی موجود نہیں ہیں ، پی این سی کی سابقہ پریکٹس یہ تھی کہ سال میں ایک یا 2 نرسنگ اسکول شروع کئے جاتے تھے اور نئے اسکول کو جنرل نرسنگ کیلئے 25 سے 30نشستوں اور اسپیشلائزیشن کا ایک پروگرام شروع کرنے کی اجازت ہوتی تھی لیکن اس سال پی این سی کی ایکٹنگ رجسٹرار نے نئے اسکولوں کو4سے 5 اسپیشلائزیشن کے پروگرام / کورسز کی اجازت دے دی ہے۔ ان اسکولوں کے پاس طلبا کی ٹریننگ کیلئے ماہر اساتذہ بھی مکمل طور پر موجود نہیں ہیں جس کے باعث آنے والے چند سالوں میں صحت کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔