نجی نرسنگ اسکول داخلوں فیس کی مد میں لاکھوں بٹورنے لگے
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نجی نرسنگ اسکولوں نے داخلوں کی من مانی فیس مقرر کر رکھی ہے اور طلبا سے داخلوں و فیس کی مد میں لاکھوں روپے بٹور رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نجی نرسنگ اسکولوں میں داخلہ اور ماہانہ فیسیں وصول کرنے کیلئے کوئی ضابطہ اخلاق اور یونیفارم پالیسی نہ ہونے کے باعث مالکان کو سادہ لوح طلبا سے لوٹ مار کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی نرسنگ اسکولوں میں شعبہ جنرل نرسنگ میں داخلے کیلئے فیس کی کوئی حد مقرر نہیں ہے اور ہر اسکول اپنی مرضی کے مطابق داخلہ فیس وصول کرتا ہے جو کہ ایک لاکھ روپے سے لے کر ڈیڑھ لاکھ روپے تک ہے جبکہ طلبا سے ماہانہ 7 ہزار روپے سے لیکر 14 ہزار روپے ماہانہ فیس وصول کی جاتی ہیں ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی سال کے آخر میں حاضریاں مکمل نہ ہونے پر اسکول مالکان کی جانب سے طلبا سے جرمانے کی مد میں یوم کے حساب سے ہزاروں روپے مزید بٹورے جاتے ہیں اور رقم نہ دینے والے طلبا کا ایڈمٹ کارڈ روک لیا جاتا ہے ، کئی طلبا جرمانے کی رقم جو کہ ہزاروں روپے میں ہوتی ہے رقم کی عدم ادائگی پر ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے پر امتحان میں شرکت سے محروم رہ جاتے ہیں۔