میگاکرپشن کیسز میں 2 نیب پراسیکیوٹر مستعفی

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیب سندھ کے 2 پبلک پراسیکیوٹرز اور 1 ملازم نے ناکافی سہولتوں کی بناء پر عہدوں استعفی دے دیا ۔ سنیئر وکیل منصف جان، یاسر مغل اور ملازم نسیم ملک شرجیل انعام میمن، این آئی سی ایل اور محکمہ فشری سمیت میگا کرپشن اسکینڈل کے مقدمات کی پیروی کررہے تھے ۔ تینوں افراد کے الگ ہونے پر مقدمات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق کئی اہم مقدمات کی سماعت نیب پراسیکیوٹر کے موجود نہ ہونے کے باعث ملتوی کی گئی ہے، نیب پراسیکیوٹر کے موجود نہ ہونے کے باعث ملزمان براہ راست مقدمہ میں فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیب سندھ میں میگا کرپشن کے اسکینڈل کے مقدمات میں اضافہ ہو چکا ہے اور ہائی کورٹ میں لوگوں کی ڈیڑھ سو زائد درخواستیں زیر سماعت ہیں اسی طرح نیب نے اپیلیں داخل کی ہوئی ہیں جن پر نیب کی جانب سے جوابات اور دستاویزات پیش کیے جاتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹر عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے وقت پر جوابات اور دستاویزات پیش کررہے تھے لیکن نیب حکام کی جانب سے پراسیکیوٹرز کو کوئی سہولت میسر نہیں تھی نہ ہی نیب نے عدالتی کام مکمل کرنے کے لیے عملہ رکھا ہوا ہے قاصد کے کام بھی پراسیکیوٹرز کو کرنے پڑ رہے تھے حالانکہ وہ سپریم کورٹ کے رجسٹرڈ وکیل ہیں اور وکالت کرتے ہوئے بھی 20 سال ہو چکے ہیں۔ مستعفی ہونے والے پبلک پراسیکیوٹرز نے اعلی حکام کو متعدد بار درخواستیں دی کہ انہیں سہولیات فراہم کی جائیں اور عملہ بھرتی کیاجائے تاکہ مؤثر طریقے سے فرائض کی انجام دہی ہو سکے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More