میٹر تبدیل کر کے صارف کو ساڑھے 4 لاکھ بل کا جھٹکا

0

کراچی ( رپورٹ : اسامہ عادل ) کے الیکٹرک نے میٹر تبدیل کر کے صارف کو ساڑھے 4 لاکھ بل کا جھٹکا دیدیا۔شکایت کرنے پر بجلی چور قراردے دیا گیا ۔۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی کو ساڑھے 4 لاکھ روپے کا بل بھیج دیا ، 120 گز کے مکان پر بجلی کے 2 کنکشن ہے ، اپریل 2018 میں کے الیکٹرک نے پیشگی اطلاع اور بغیر کوئی وجہ بتائے گھر کے میٹر تبدیل کئے ، ڈیجیٹل میٹر کی تنصیب کے ساتھ ہی اضافی بلنگ کا سلسلہ شروع ہوا ، چند ماہ بعد دونوں کنکشن پر بھاری بھر کم بل بنا کر بھیج دیا ۔ درست بل کے حصول کے لئے النور آئی بی سی کا رخ کرنے پر صارف کو بجلی چور بنا دیا گیا ۔ کے الیکٹرک 2015میں بھی صارف کا میٹر تبدیل کرچکی ہے ۔’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے سید برکت علی نے بتایا کہ میں فیڈرل بی ایریا بلاک 2کا رہائشی ہوں ۔ مکان 120گز پر مشتمل ہے ،جس کا نمبر 1978 ہے ۔ مذکورہ مکان گراؤنڈ پلس 3ہے ،جہاں میں اور میرے بھائی ساتھ رہتے ہیں ۔ گھر کے ہر فلور پر استعمال ہونے والے برقی آلات میں 4پنکھے ، 6سے 7سیور ، واشنگ مشین اور فریج شامل ہیں ،جب کہ گھر میں پانی کی ایک موٹر ہے ۔گھر میں بجلی کے 2کنکشن ہیں اور دونوں کنکشن کے لئے الگ ایک ایک میٹر نصب ہے ۔کے الیکٹرک کی جانب سے گھر پر لگے میٹر جس کا اکاؤنٹ نمبر 0400006353183،انوائس نمبر 440006782318اور صارف نمبر ایل اے 412764ہے ،اس پر ہر ماہ 7سے 8ہزار روپے تک بل بھیجا جاتا ،جب کہ دوسرے کنکشن جس کا اکاؤنٹ نمبر 0400006353027،انوائس نمبر 440006782317اور صارف نمبر اے ایل 242896ہے ، اس پر12سے 15ہزار روپے تک بل بھیجا جاتا ،جو ہم ہر ماہ باقاعدگی سے ادا کرتے رہے ۔ یہ تمام جمع شدہ بل میرے پاس موجود ہیں ۔رواں سال اپریل میں کے الیکٹرک کی جانب سے گھر پر لگے دونوں میٹر بغیروجہ تبدیل کر کےڈیجیٹل میٹر نصب کر دیے گئے ۔میٹر تبدیلی کے بعد چند ماہ سابقہ بلوں کے مقابلے میں کئی گناہ زیاد ہ بل بھیجے گئے۔ جس میٹر کا بل 7سے 8ہزار روپے تک آتاتھا، میٹر تبدیلی کے بعد 10سے 12ہزار روپے آنے لگا ،جب کہ دوسرے میٹرپر 20سے 23ہزار روپے تک بل بھیجا جانے لگا۔صارف کے مطابق گھر پر پہلے جو برقی آلات استعمال ہو رہے تھے ،وہی آلات استعمال ہو تے رہے ۔یہ سلسلہ 3سے 4ماہ تک جاری رہا ،جس کے بعد کے الیکٹرک نے اگست 2018میں دونوں کنکشنز پر مجموعی طور پر ساڑھے 4لاکھ روپے بل بھیج دیا ۔پاور ہاؤس النور آئی بی سی میں اضافی بلنگ کی شکایت کی ،جس پر متعلقہ عملے نے انہی اضافی بلوں پر بالترتیب 22ہزار اور 9ہزار روپے لکھ کر جمع کرانے کا کہا ،جو جمع کروا دیئے۔ ستمبر 2018میں دوبارہ 2 لاکھ 2ہزار 297جب کہ دوسرے کنکشن پر 2لاکھ 53 ہزار 865روپےکے بل بھیج دیئے گئے ۔ دوبارہ آئی بی سی منیجر کو درخواست لکھی ،تاہم شکایت کے باوجود بل درست نہ کئے گئے اور بجلی چوری کا الزام لگا کر بل ادا کرنے پر زور دیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے پہلے بغیروجہ گھر کے میٹر تبدیل کئے اور اوپر سے اضافی بلنگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ۔اس کے باوجود کے الیکٹرک الٹا ہمیں ہی چور قرار دے رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک 3سال قبل بھی گھر کے میٹر تبدیل کر چکی ہے۔ 2015میں جب میٹر تبدیل کیا گیا ،اس وقت بھی 90ہزار روپے اضافی بل بھیجا گیا تھا اور متعدد بار چکر کاٹنے اور شکایت کے باوجود بل درست نہیں کیا گیا ،جس پر مجبوراً بل ادا کرنا پڑا تھا اور اب دوبارہ بجلی چوری کا الزام لگا کر ناجائزبل بھیج دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ذمہ داران معاملے کا نوٹس لیں اور مجھے بوگس بلنگ سے نجات دلائی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More