لاہور(امت نیوز)پنجاب میں سینیٹ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی حمایت کافیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی حمایت کافیصلہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اوراب سینیٹ کے انتخاب میں پیپلزپارٹی مسلم لیگ (ن)کے امیدوار خواجہ احمدحسان کوووٹ دے گی، پیپلز پارٹی کی حمایت سے مسلم لیگ (ن)کی پوزیشن میں بہتری آئے گی تاہم تحریک انصاف کی پوزیشن اب بھی مستحکم ہے ۔چوہدری محمد سرور کی سینیٹ میں خالی نشست پر جوڑ توڑ جاری ہے، انتخابی معرکے میں 2دن باقی رہ گئے۔ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج منگل کو طلب کرلیا گیاہے جبکہ الیکشن کل 3 اکتوبر کو ہوگا۔ تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر شہزاد وسیم جبکہ (ن) لیگ کی جانب سے خواجہ احمد حسان امیدوار ہیں۔ شہزاد وسیم نے لاہور میں ڈیرے ڈال لیے ہیں اور انہوں نے رابطے تیز کردیئے ہیں۔سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج لاہور میں طلب کرلیا ہے، اجلاس میں شہزاد وسیم کے لیے لابنگ، اتحادیوں سے رابطے،حاضری یقینی بنانے اورووٹنگ کے طریقہ کار کو طے کیا جائے گا۔