فوج نے لیگی رہنما کا بیان مسترد کردیا

0

راولپنڈی؍لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج نے کسی بھی جماعت سے ڈیل کا تاثر مسترد کرتے ہوئے نواز لیگی رہنما کے بیان کی مذمت کی ہے اور اسے ملکی استحکام کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے ۔ نواز لیگ نے اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک ہونے کا بیان دینے پر رانا مشہود سے وضاحت طلب کر لی ہے جن کا کہنا ہے کہ ان کی گفتگو کو خاص رنگ دے کر پیش کیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نواز لیگ سے ڈیل کے تاثر کو مسترد کر دیا ہے ۔ پاک فوج کے ترجمان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’’ رانا مشہود کا بیان قابل مذمت ،بے بنیاد اور افسوسناک ہے ۔اس قسم کے غیر ذمہ دار خیالات ملکی استحکام کیلئے تباہ کن ہیں ‘‘۔قبل ازیں ایک ٹی وی چینل سے گفتگو میں نواز لیگی رہنما رانا مشہود نے نواز لیگ کے اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک ہونے کا بیان دے کر ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی ۔رانا مشہود کا کہنا ہے کہ معاملات کی بہتری میں نواز لیگ کے صدر شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا۔معاملات اسی طرح چلتے رہے تو 2 ماہ کے بعد پنجاب میں نواز لیگ دوبارہ حکومت بنائے گی۔’’انہیں‘‘ اب سمجھ آ گئی ہے کہ جسے وہ گھوڑا سمجھے تھے وہ خچر ہے،ادارے کے تھنک ٹینک کو نظر آ رہا ہے کہ شہباز شریف ہی بہترین انتخاب تھے اور یہ جھوٹ پر چلنے والے ہیں، اب مجموعی ماحول میں انہوں نے بھی سمجھا ہے اور ہمیں بھی احساس ہوا ہے۔پنجاب میں تحریک انصاف کے پاس معمولی اکثریت ہے اور جنہوں نے ان کو اکثریت دی ان سے بات ہوتی رہتی ہے، وہ پرانے دوست اور ساتھی ہیں،اب وہاں چینج آف ہارٹ دیکھنے میں آ رہا ہے۔رانا مشہود کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے ۔ نواز لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ یہ بیان تعجب خیز ہے اور اس پر ان سے جواب طلب کیا جا رہا ہے۔نواز لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے رانا مشہود کے بیان پر کہا ہے کہ پارٹی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دے گی۔ہم غیر جمہوری طور پر حکومت کو گرا کر خود حکومت بنانے کے بجائے ووٹ سے ہی اقتدار چاہتے ہیں۔غیر جمہوری قوتوں نے انتخابات میں دھاندلی کی اور جعلی مینڈیٹ ایسی جماعت کو دلایا گیا جسے عوامی حمایت نہیں ہے ۔بیان نشر ہونے کے بعد خود رانا مشہود نے اپنے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔میرے کے کہنے کا وہ مطلب نہیں تھا جو بیان کیا جا رہا ہے۔آئندہ دو سے ڈھائی ماہ اہم ہیں۔اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں، عدالت یا عوام کے ذریعے موجودہ حکومت کا خاتمہ ہونا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More