دہری شہریت والوں کواسمبلی رکنیت کی اجازت دینے کا عدالتی عندیہ

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی شہریت حاصل کرنے والے بھی پاکستان میں کردار ادا کریں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے اراکین پارلیمنٹ کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ ایک مرتبہ غیر ملکی شہریت حاصل کرنے والا پاکستان کے پارلیمان میں عوامی نمائندگی کرسکتا ہے؟جس پرعدالتی معاون بلال منٹو نے بتایا کہ ’غیرملکی شہریت حاصل کرنا بندوق کے ٹریگر کی طرح ہے، ایک مرتبہ غیر ملکی شہریت حاصل کرنے والا کبھی بھی رکن قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے اہل نہیں رہتا۔اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ہمیں اس معاملے میں اتنا سخت موقف نہیں لینا چاہیے، ہماری تو کوشش ہے کہ غیر ملکی شہریت حاصل کرنے والے بھی پاکستان میں کردار ادا کریں۔جسٹس عمر عطا بندیال کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کے فیصلے سے ہم غیر ملکی شہریت حاصل کرنے والوں کو پاکستانیت سے دور کر رہے ہیں۔دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ آئین پاکستان دوہری شہریت کے معاملے میں خاموش ہے، لہٰذا ہم نے خود طے کرنا ہے۔اس دوران سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی بہن سعدیہ عباسی کا معاملہ بھی زیر غور آیا، جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ سعدیہ عباسی کو مقدمے میں نیا وکیل کرنا چاہیے تھا۔بعد ازاں عدالت نے سابق وزیر اعظم کی بہن سعدیہ عباسی کو وکیل کرنے کے لیے نوٹس جاری کردیا۔ساتھ ہی عدالت نے دوہری شہریت سے متعلق کیس میں چودہری سرور، نزہت صادق اور ہارون اختر کو بھی نوٹس دے کر تفصیلی دستاویزات اور جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More