اربوں ڈالر منی لانڈرنگ میں ملوث سابق ملائیشین خاتون اول گرفتار
کوالالمپور(امت نیوز) ملائیشیا کی سابق خاتون اول کواربوں ڈالر منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر حراست میں لے لیا گیا۔ روشما منصور کے وکیل کے کمارندرن نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے عالمی میڈیا کو بتایا کہ اینٹی کرپشن کمیشن کی جانب سے کئی گھنٹوں کی تفتیش اور سوال و جواب کے بعد سابق خاتون اول کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن کمیشن حکام کے مطابق سرکاری پراسیکیوٹرز کی منظوری کے بعد سابق خاتون اول سے متعدد بار تفتیش کی گئی، جس میں وہ اپنے شوہرسابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے دور میں اختیارات کے ناجائز استعمال، قومی دولت لوٹ کر کروڑوں ڈالر کے اثاثے بنانے اور اربوں ڈالر کی مالی بے ضابطگیوں و منی لانڈرنگ میں ملوث پائی گئیں، جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 66 سالہ روشما کو کرپشن کے کئی الزامات کا سامنا ہے،جس پر ان کیخلاف بد عنوانی کےمقدمے چلیں گے۔