نارتھ کراچی – افسران کی ملی بھگت سے ناجائز تعمیرات کی بھر مار
کراچی (نمائندہ خصوصی) نارتھ کراچی میں رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی تین منزلہ تعمیرات رکوانے میں ڈائریکٹر و قارمیمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد شیخ ناکام ہوگئے۔ نارتھ کراچی سیکٹر 11/B، سیکٹر 11/E، سیکٹر 11/G اور سیکٹر 11/L میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کرائی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں بلڈر مافیا کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قانون کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کی جانب سے نیو کراچی میں تعینات ڈائریکٹر وقارمیمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد شیخ نے بلڈر مافیا کو غیر قانونی تعمیرات کرنے کے حوالے سے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ بلڈر مافیا کی جانب سے رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی طور پر دو اور تین منزلہ تعمیرات کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پلاٹ نمبر G-168سیکٹر 11/Kپر تین منزلہ تعمیرات ہورہی ہیں جبکہ پلاٹ نمبر R-287سیکٹر 11/L پلاٹ نمبر L-1658سیکٹر 11/E پر تین منزلہ، پلاٹ نمبر L-1686سیکٹر 11/Eپر تین منزلہ ،پلاٹ نمبر A-818 سیکٹر 11/Bپر دو منزلہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کے افسران کی جانب سے بلڈر مافیا سے پیکیج ڈیل کرنے کے بعد کھلے عام غیر قانونی تعمیرات کرائی جارہی ہیں۔ ’’امت‘‘ کو معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کی جانب سے نیو کراچی ٹاؤن کے سابق ڈائریکٹر کو غیر قانونی تعمیرات کرانے پر اس ٹاؤن سے تبادلہ کیا گیا تھا اور وقارمیمن کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ تاہم وقارمیمن اور ان کی ٹیم کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔