سرکاری اسکول کی طالبہ – کلاس میٹ لاپتہ

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی بی کالونی سے نویں جماعت کی طالبہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیر سے آنے پر لڑکی کو واپس گھر بھیج دیا تھا۔ علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پولیس نے طالبہ لڑکی کی تلاش شروع کردی، دوسری جانب لڑکی کا کلاس میٹ بھی غائب ہے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ دوسری جانب پی آئی بی کے علاقے سے لاپتہ ہونے والا بچہ پریڈی سے پولیس کو لاوارث حالت میں مل گیا، جسے ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی بی پلاٹ14 نمبر کی رہائشی 14 سالہ دعا دختر اکرام پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ ورثا نے لڑکی کےا سکول سے نہ آنے پر پریشان ہوکر پہلے گورنمنٹ ابراہیم علی بھائی اسکول جاکر دریافت کیا تو پتہ چلا کہ لڑکی صبح اسکول دیر سے آئی تھی، جس پر اسے گھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں اہلخانہ نے لڑکی کو بہت تلاش کیا، لیکن وہ نہ ملی۔ واقعے کے بعد لڑکی کے گھر والوں کی حالت غیر ہوگئی ،جبکہ مشتعل علاقہ مکینوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج شروع کردیا، جس سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس لڑکی کی تلاش کیلئے موثر اقدامات نہیں کر رہی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے لڑکی کی بازیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔ دوسری جانب پی آئی بی کے علاقے کا رہائشی بچہ عمر جو پراسر طور پر لاپتہ ہوگیا تھا ،پریڈی کے علاقے اکبر روڈ سے پولیس کو لاوارث حالت میں مل گیا۔ پی آئی بی کالونی دعا لاپتہ معاملے میں مزید پیشرفت دعا کیساتھ اس کا کلاس میٹ بھی پراسرار طور پر لاپتہ ہے ۔ایس ایچ او پی آئی بی کالونی عامر اعظم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ د پریس کوارٹر کے رہائشی محمد منظور نے پولیس سے رابطہ کرکے بتایا کہ ان کا بیٹا وقار بھی لاپتہ ہے، وقار اور دعا ایک ہی کلاس میں پڑھتے ہیں۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے وقار کی تلاش شروع کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More