پی پی – ن لیگ نے ضمنی الیکشن کیلئے اتحاد کرلیا

0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نےضمنی انتخابات مل کر لڑنے اورپبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی نہ ملنے پر کمیٹیوں سے دستبرداری پراتفاق کرلیاجبکہ مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن متحدہواورنوازشریف رہنمائی کریں ۔تفصیلات کے مطابق ملک میں سیاسی ماحول ایک بار پھر گرم ہوگیا اور اپوزیشن متحرک ہوگئی ہے۔پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ملاقات کی جس کے بعد شہبازشریف وفد کے ہمراہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملنے گئے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خود بتارہی ہے کہ وہ کس کے سہارے حکومت کر رہے ہیں۔ن لیگ کے وفد کی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجزمیں ملاقات ہوئی جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات کیلئے مشترکہ امیدوار لائیں گے، ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدواروں کی حمایت کریں گے،ضمنی انتخابات سے متعلق دوسری جماعتوں سے بھی بات کررہے ہیں۔سینئر رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کرے گی،کراچی، رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کو ن لیگ سپورٹ کرے گی، این اے 103 پر مشترکہ امیدوارسے متعلق مشاورت نہ ہو سکی، پنجاب میں پیپلزپارٹی ن لیگ کو سپورٹ کرے گی اور مشترکہ انتخابی مہم چلائیں گے۔اس حوالے سے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے،ہم مل کر انتخابی عمل میں ایک دوسرے کا ساتھ بھی دیں گے۔اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں طے پایا کہ پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن کو نہ دینے پر اپوزیشن کسی کمیٹی کیلئے نام نہیں دے گی۔ یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتیں پی اے سی کی سربراہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت کے دوران طے پایا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ مسلم لیگ ن ان نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جن پر پیپلز پارٹی عام انتخابات میں دوسرے نمبر پر رہی۔شہباز شریف نے ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔شہباز شریف نے کہاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی سربراہی اپوزیشن کو دینے کی روایت توڑی گئی تواپوزیشن جماعتیں نمائندگی نہیں کرینگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More