پی ٹی آئی نےغیر قانونی کنکشن بیچنا شروع کردیئے

0

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) تحریک انصاف کے ذمہ داران نے واٹر بورڈ افسران کی ملی بھگت سے کورنگی میں پانی کے غیر قانونی کنکشن بیچناشروع کر دیئے، کنکشن رکن قومی اسمبلی کے نام پر فروخت کئے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی میں تحریک انصاف کے مقامی ذمہ داران واٹر بورڈ لائنوں سے غیر قانونی کنکشن لیکرفی کنکشن 10ہزارمیں فروخت کر رہےہیں۔ ذرائع نے امت کو بتایا کہ غیر قانونی کنکشن کی فروخت میں پی ٹی آئی یوسی 22کورنگی کا صدر ساجد حسین اور رئیس قریشی ملوث ہیں، جو واٹر بورڈ کے کرپٹ عملے کے تعاون سے شہریوں کو غیر قانونی طور پر پانی کنکشن فروخت کر رہے ہیں، جب کہ واٹر بورڈ کا مقامی وال مین عاصم اور واٹر بورڈ ملازم سبحان غیر قانونی کنکشن فراہم کرکے اپنے ہی ادارے کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔ ساجد حسین کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن 2018میں کورنگی کی پی ایس 96کا امیدوار تھا ۔ذرائع نے امت کو بتایا کہ گزشتہ دنوں کورنگی سیکٹر 35بی ، کورنگی نمبر 4جے ایریا میں 55مکانات کو غیر قانونی کنکشن فراہم کئے گئے ہیں، جس کے عوض فی مکان 10ہزار روپے جبکہ مجموعی طور پر مکینوں سے پونے 6لاکھ روپے وصول کئے گئے، جس سے عاصم اور سبحان کو ڈھائی لاکھ روپے حصہ دیا گیا، جبکہ بقایا رقم تحریک انصاف کے مقامی ذمہ داران نے آپس میں تقسیم کرلی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ سیکٹر میں اس سے قبل متحدہ کارکنان غیر قانونی پانی کنکشن فروخت کرتے تھے، تاہم اب پی ٹی آئی ذمہ داران یہ کام سنبھال لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کرپٹ واٹر بورڈ اہلکاروں کی جانب سے قانونی کنکشن کے حامل صارفین کا پانی روک کر بھاری رقم کے عوض غیر قانونی کنکشن خریدنے والوں کو ترجیحی بنیاد پر پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔کنکشن فروخت کیلئے این اے 241سے تحریک انصاف رکن قومی اسمبلی فہیم احمد کا نام استعمال کیا جا رہا ہے ۔ امت نے فہیم احمد سے رابطہ کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ مصروفیت کے باعث بات نہیں کرسکتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More