نیوٹیک سے ہنرمندی کی تعلیم میں بہتری کیلئے تجاویز طلب
اسلام آباد ( نمائندہ امت) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے نیو ٹیک کو ہدایت کی ہے کہ نیوٹیک متعلقہ سٹیک ہولڈر کے ساتھ ملکر ہنر مندی کی تعلیم میں بہتری کیلئے تجاویز تیار کر کے کمیٹی کو پیش کریں جبکہ کمیٹی میں گوادر میں فنی تعلیم کے ادارے قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر راحیل مگسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف عوامی عرضداشت کے علاوہ ایریا سٹڈی سینٹر ترمیمی بل2017،نیوٹیک کے حوالے سے سینیٹر نعمان وزیر خٹک کی تجاویز ، فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے بورڈ کیلئے چیئرمین سینیٹ کی طرف سے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کی نامزدگی کے علاوہ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور اس کے ماتحت اداروں کے کام کے طریقہ کار ، کارکردگی ، تعلیمی معیار ، نصاب اور درپیش مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ وقار قاضی کی عوامی عرضداشت کے حوالے سے قائمہ کمیٹی نے وزارت وفاقی تعلیم کو معاملے کو جلد سے جلد حل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔