منی لانڈرنگ میں5 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں نصیر عبداللہ حسین لوتھا ، اعظم وزیر خان اور محمد عارف خان سمیت 5 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دے دیا ، عدالت نے ایف آئی اے کو عوامی مقامات پر مفرور ملزمان کے اشتہارات چسپاں کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔جمعرات کے روز بینکنگ کورٹ میں سماعت کے موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیس کے مفرور ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے ، ملزمان گرفتاری کے ڈر سے رو پوش ہوچکے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا ودیگر کے خلاف ٹھٹھہ اور بدین میں ہنگامہ آرائی ،توڑ پھوڑ اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق کیس میں تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر ولی محمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 15اکتوبر تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سابق ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 15اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔