پشاور نیورسٹی میدان جنگ بن گئی-6طلبہ زخمی-27گرفتار
پشاور ( نمائندہ امت ) پشاور یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والےطلباء پر پولیس نے دھاوا بول دیا،لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 6طلباء زخمی ہوگئے جبکہ27طلباء کو گرفتار کرلیا گیا،جمعرات کے روز پختون سٹوڈنٹ فیدریشن ، پیپلز سٹوڈنٹ فیدریشن ، مسلم اسٹوڈنٹ فیدریشن ،اسلامی جمعیت طلباء اور جمعیت طلباء اسلام پر مشتمل متحدہ الائنس کی کال پر پشاور یونیوسٹی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف کلاسوں کا بائیکاٹ کیا گیا اوربڑی تعداد میں طلباء اکیڈیمک بلاک میں جمع ہو گئے اس دوران طلباء اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کی کوشش کی گئی جو ناکام ہوگئی جس کے بعد طلباء اکیڈ یمک بلاک سے ریلی کی شکل میں باہر نکلے طلباء فیسوں میں اضافے کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے،اس دوران پولیس نے احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کے لئے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کردیا،عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے طلباء پر اندھا دھند لاٹھیاں برسائیں جس سے 6طلبا زخمی ہوگئے زیادہ ترطلبا کو سرمیں چوٹیں آئی ہیں جبکہ 27طلبا کو گرفتار کرلیا گیا،زخمی طلبا کو کے ٹی ایچ پہنچایا گیا تو طلبا کی بڑی تعداد ہسپتال بھی پہنچ گئی اور وہاں بھی احتجاج کیا-