اسپورٹس سٹی میں پی ایس بی ملازمین بھی ٹھیکے دار بن گئے

0

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں مسجد اور ریسٹورنٹ کی تعمیر کا 7کروڑ روپے سے زائد کا ٹھیکہ پی ایس بی ملازمین کو دینے اور کھلاڑیوں کے لیے ہاسٹل کی تعمیر کے ٹھیکے کے لیے جعلی بینک گارنٹی جمع کروائے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی پی ایس بی ڈاکٹر اختر گنجیرا نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کے فنڈز کی بندر بانٹ میں پی ایس بی ملازمین کو حصہ دینے کے لیے منصوبے میں شامل مسجد اور ریسٹورنٹ کی تعمیر کا ٹھیکہ ایک جعلی کمپنی کو دیا، جس کا فرنٹ مین محمد احمد نامی ٹھیکے دار تھا، جسے گزشتہ روز ایف آئی اے نے حراست میں لیا ہے۔ حقیقت میں اس کمپنی کے مالکان پی ایس بی کے کئی ملازمین تھے، جن کے مابین ٹھیکے کی رقم کی تقسیم پر جھگڑا بھی ہوا تھا۔ تاہم بعد میں ٹھیکے دار محمد احمد نے مبینہ طور پر حصہ داروں میں بیچ بچائو کروایا کہ جھگڑے سے بات کھل جائے گی اور غیر قانونی ٹھیکے کا معاملہ سامنے بھی آسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے ٹھیکے میں ٹھیکے دار کی جانب سے جعلی بینک گارنٹی جمع کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایف آئی اے نے ڈاکٹر گنجیرا اور دیگر ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں جعلی دستاویزات کی فراہمی کی دفعہ بھی لگائی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More