ضلع غربی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن-70غیر قانونی بچت بازار ختم کردیئے گئے

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضلع غربی میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 70سے زائد چھوٹے بڑے غیر قانونی بچت بازار ختم کرکے ان کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر ضلع غربی سعدیہ جعفر کی ہدایت پر انکروچمنٹ عملے نے ضلع بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے ٹھیلے ،پتھارے ،کیبن ،کرسیاں ،میزیں سمیت دیگر چیزیں قبضے میں لے کر اسٹور کردیں۔ ڈپٹی کمشنر غربی سعدیہ جعفر نے امت کو بتایا کہ عوامی شکایت تھی کہ مومن آباد، میٹرویل سائٹ، کیماڑی، حب ریور روڈ اور منگھوپیر سمیت اورنگی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شکایت کے انبار لگنے پر ایس ایس پی غربی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد آپریشن کرنا ہے، جس پر انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 80سے زائد چھوٹے بڑے بچت بازار کا خاتمہ کرکے ان کے لائسنس منسوخ کردیئے ہیں اور اب پولیس کی اجازت کے بعد ہی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بازار لگانے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ماضی میں اینٹی انکروچمنٹ کے کچھ افراد بھتہ بڑھانے کے بعد دوبارہ تجاوزات کی اجازت دے دیتے تھے، تاہم اس بار ایسا نہیں ہوگا، محکمے کا جو بھی ملازم تجاوزات قائم کرانے میں ملوث ہوگا تو اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More