حیدرآباد میں پی ٹی آئی رہنماکی پولیس سے بدتمیزی کی ویڈیووائرل
حیدر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدرعلی ہنگورو کی تھانہ مکی شاہ میں پولیس افسر اور اہلکاروں سے تلخ کلامی و بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔نجی نیوز چینل کے مطابق تحریک انصاف حیدرآباد کے سابق صدرعلی ہنگوروایڈووکیٹ نے تھانہ مکی شاہ میں پولیس افسر اور اہلکاروں سے تلخ کلامی وبدتمیزی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ علی ہنگورو نے سگریٹ پیتے ہوئے ڈیوٹی پرموجود اے ایس آئی ساجد الیاس سے تلخ کلامی کی، پولیس افسر نے انہیں سگریٹ پینے سے منع کیا جس پر علی ہنگورو نے پولیس افسر کو کہا کہ تم مجھے تمیز سکھاؤ گے، میرا یہی طریقہ ہے، سگریٹ پی رہا ہوں کوئی چرس نہیں، ہمیں پولیس کو سیدھا کرنے کا ٹھیکا ملا ہوا ہے، جو غلط ہوگا اسے سیدھا کریں گے۔واقعے سے متعلق میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ مکی شاہ سلمان فاروقی کا کہنا تھا کہ ہیرآباد کے رہائشی نے کار بجلی کے کھمبے سے ٹکرا دی تھی، جس سے کھمبے پر نصب ٹرانسفارمر گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور گرنے والا ٹرانسفارمر مقامی کنسٹرکشن کمپنی کا ذاتی ٹرانسفارمر تھا۔سلمان فاروقی کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس نے دونوں فریقین کو تھانے میں بلا کر صلح کی درخواست کی تاہم علی ہنگورو 25 سے 30 افراد کولے کر تھانے میں گھس گئے اور ڈیوٹی افسر سمیت اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور دھمکیاں بھی دیں، واقعے کی رپورٹ اعلیٰ افسران کو بھجوا دی ہے۔دوسری جانب علی ہنگورو نے مؤقف پیش کیا ہے کہ بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے والی کار کا ڈرائیور غریب شخص ہے اور پولیس حکام اس سے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کررہے تھے،میں ڈرائیور کے اہلِ خانہ اور اہلِ محلہ سمیت تھانے پہنچا تو ڈیوٹی پر موجود وردی کے بغیر اہلکار نے بدتمیزی شروع کردی اور سازش کے تحت ویڈیو بنا کر وائرل کی گئی۔ واقعے کے حوالے سے جلد ہی پریس کانفرنس کروں گا اور تمام حقائق بے نقاب کروں گا۔