انور مجید کا فرنٹ مین شبیر ابتدائی تفتیش کے بعدرہا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کے فرنٹ مین شبیر کو ابتدائی تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا تاہم شبیر کو منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی ارکان نے پابند کیا ہے کہ اسے تفتیش کے لئے کسی بھی وقت طلب کیا جاسکتا ہے ،اس لئے وہ جے آئی ٹی کو اطلاع دئیے بغیر بیرون ملک یا بیرون شہر نہیں جاسکتا ۔ ملزم شبیر ایف آئی اے تحقیقات میں سامنے آنے والے 77 بینک اکاؤنٹس سے ہونیوالی منی لانڈرنگ سے منسلک 334 افراد کی فہرست میں شامل ہے جسے بیرون ملک سے وطن واپسی پر ایف آئی اے امیگریشن افسران نے کراچی ایئرپورٹ سے چند روز قبل حراست میں لیا تھا ۔ ملزم کے حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ اس کے تین اکاؤنٹس سے بھاری رقوم کی ٹرانزیکشن کی گئی جس کی وجہ سے تحقیقات میں شبیر کے بیان کو اہمیت حاصل ہے جوکہ کراچی کے معروف بلڈر یونس سیٹھ کے ذریعے انور مجید سے رابطے میں رہا اور زمینوں کے معاملات سنبھالتا رہا ۔