ارشد پپو کی گرفتاری کے بعد گینگ کی قیادت سنبھالی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا گینگ وار کا مطلوب ترین کردار غفار ذکری پچھلی دہائی کے آغاز میں جرم کی دنیا میں نمودار ہوا۔اس کا بھائی فتح ذکری رینجرز کے ہاتھوں مارا جاچکا تھا۔ابتدا میں وہ گینگ وار کے اہم کردار ارشد عرف پپو کے ساتھ وارداتیں کرتا رہا۔ارشد پپو کے گرفتار ہونے کے بعد اس نے گینگ کی قیادت سنبھالی۔2006 اور2007 میں رحمان ڈکیت اور غفار ذکری کے گروہوں کے درمیان لیاری میں خطرناک جنگ چل رہی تھی، جو کراچی آپریشن کے آغاز تک جاری رہی۔کراچی آپریشن اور اس سے قبل لیاری عیدو لین، ذکری پاڑے کے علاوہ غفار ذکری نے اپنا بیس کیمپ حب کو بنایا۔یہ وہیں سے اپنا گینگ آپریٹ کرتا رہا۔2006-07ء میں سیاسی پشت پناہی کی بنیاد پر غفار ذکری ایک بہت مضبوط جرائم پیشہ کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔یہ وہ وقت تھا، جب لیاری سے جہان آباد تک وہ جرم کی دنیا کا بے تاج بادشاہ تھا اور اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور قتل کی لاتعداد وارداتیں اس نے اور اس کے کہنے پر اس کے کارندوں نے سرانجام دیں۔غفار ذکری کا آبائی تعلق تربت سے تھا اور وہ وہاں بھی بہت عرصے تک روپوش رہا۔گزشتہ دنوں لیاری میں رینجرز نے اس کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تھا جہاں مقابلے میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوگیا تھا۔