ذکری-عزیر میں جنگ سے 16ہلاک ہوئے

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری گینگ وار کے کردار ارشد پپو کے قتل کے بعد غفار ذکری اور عزیر بلوچ گروپ کے درمیان علاقے کی بالادستی کے لیے ہونے والی لڑائی میں 16 بے گناہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کو مارنے کے لیے 1سال میں 5 حملے کیے تھے۔غفار ذکری کے گرفتارساتھی بابا نے دوران تفتیش یہ انکشافات کیے تھے۔بابا گولڈن نے انکشاف کیا تھا کہ 2013 میں ارشد پپو،یاسر عرفات اور شیرا پٹھان کو عزیر بلوچ گروپ کی جانب سے اغوا اور قتل کرنے کے بعد غفار ذکری نے تمام ساتھیوں کو اپنے گھر بلایا اور عہد کیا کہ ارشد پپو کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے عزیر بلوچ، شبیرا ،بابا لاڈلا،آصف کانیا اور ثاقب باکسر سمیت دیگر کو مارنا ہے، تاکہ علاقے پر بالادستی بھی قائم ہو جس کے بعد عزیر بلوچ اور اس کے ساتھیوں کو مارنے کے لیے بلوچستان سے جدید اسلحہ بھی منگوایا گیا تھا۔بابا گولڈن نے انکشاف کیا تھا کہ غفار ذکری عزیر بلوچ کو اپنے ہاتھ سے مارنا چاہتا تھا اور عزیر پر حملہ کیا لیکن خوش قسمتی سے عزیر بلوچ بچ گیا تھا دونوں طرف سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھے بابا گولڈن نے بتایا تھا کہ کراچی آپریشن کے بعد غفار ذکری اور عزیر بلوچ کے ساتھیوں نے ایک دوسرے پر 5 بار حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں 16 ہلاک ہو گئے تھے اور متعدد زخمی ہوئے جن کے مقدمات کلاکوٹ،چاکیواڑہ اور بغدادی میں درج ہیں۔بابا گولڈن کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے دوران رینجرز نے عزیر بلوچ کو گرفتار کر لیا تھا، پھر رینجرز نے بابا گولڈن سمیت دیگر کو بھی پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔بابا گولڈن اور اس کے ساتھیوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں قتل اقدام قتل جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت 5 مقدمات زیر سماعت ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More