بلوچستان کے3حلقوں میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم
اسلام آباد/کوئٹہ(نمائندگان امت )الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے3حلقوں این اے 258،پی بی 5اور پی بی 21 میں اسرار ترین ، مسعود لونی اور زمرک خان اچکزئی کا انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا ہے ۔کمیشن نے این اے 249کراچی میں دوبارہ گنتی کیلئے نواز لیگ کے صدر شہباز شریف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ٹربیونل سے رجوع کی ہدایت کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے3حلقوں این اے 258،پی بی 5اور پی بی 21میں دھاندلی کے الزامات پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے تینوں حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔الیکشن کمیشن نے این اے 249کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے نواز لیگ کے صدر شہباز شریف کی دائر درخواست خارج کر دی۔اس موقع پر حلقے سے کامیاب قرار پانے والے تحریک انصاف کے فیصل واؤڈا اورشہبازشریف کے وکلاعدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران شہباز شریف اور فیصل واؤڈا کے وکلا نے دلائل مکمل ہونے کے بعد دوبارہ گنتی کیلئے درخواست خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کی ہدایت کر دی۔این اے 249کراچی سے تحریک انصاف کے فیصل واؤڈا 35ہزار344ووٹ لے کرکامیاب ہوئے،شہباز شریف 34ہزار 626ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔