نیو کراچی میں مبینہ اغوا کارپر مشتعل شہریوں کاتشدد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیو کراچی میں بچے کو اغوا کرنے کی کوشش پر اغوا کار کومشتعل شہریوں نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے سیکٹر الیون ای میں 11 سالہ بچے اشعر ولد سید ناظم علی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے والے ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی اور مبینہ اغوا کار کو شہریوں کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کردیا۔ ایچ او ماجد کورائی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ انعام علی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ مذکورہ مقام سے جارہا تھا کہ بچے کو اکیلا دیکھ کر اس سے بات کرنے کی کوشش کی، تو اس نے شور مچا دیا، جس پر شہریوں نے اسے پکڑ کر مارنا شروع کردیا۔ پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔