پاکستانی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو ہرادیا
ڈھاکہ(امت نیوز) پاکستان کی ویمن ٹیم نے میزبان بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کو تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم کی بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز تک محدود رکھا۔ بعد میں فاتح ٹیم نے 82 رنز کا ہدف 18.1 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ناہیدہ خان 33 اور قائد جویریہ خان ناقابل شکست 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستانی بائولرز کے سامنے میزبان ٹیم کی کوئی بھی کھلاڑی نہ ٹک سکیں اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئیں، بنگلہ دیش کی سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ ناشرا سندھو اور ندا ڈار نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ناہیدہ خان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔