دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیاکیخلاف گرین شرٹس کاعمدہ آغاز
دبئی(امت نیوز) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے ہیں۔دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی پراعتماد انداز سے کھیل پیش کیا اور کھانے کے وقفے تک 89 رنز جوڑے، وقفے کے بعد بیٹنگ دوبارہ شروع ہوئی تو محمد حفیظ نے 170 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 205 تک پہنچا تو امام الحق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد محمد حفیظ بھی 126 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہیں پیٹر سڈل نے پویلین کی راہ دکھائی۔دو سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ نے 15 چوکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر 126 رنز بنائے۔اظہر علی 18 رنز بناکر ہولینڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ قومی ٹیم پہلے روز میچ کے اختتام پر مجموعی طور پر 255 رنز بناسکی۔ حارث سہیل 15 اور محمد عباس ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن، پیٹرسڈل اور ہالینڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔