پاک فوج 7ہزار پولنگ اسٹیشنوں میں سیکورٹی ذمہ داریاں سنبھالے گی
اسلام آباد(امت نیوز) عام انتخابات کی طرح پاک فوج 14 اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں بھی 7 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر حفاظتی فرائض انجام دے گی، ملکی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ووٹ دیں گے۔ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں 13ضمنی انتخاب کیلئے 7 ہزار 804 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے 11 اور پنجاب اسمبلی کے 13، خیبر پختون کے 9 جبکہ سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2،2 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے مجموعی طور 96 لاکھ 91 ہزار 728 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ ضمنی انتخاب میں ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی باربیرون ملک مقیم 7 ہزار 419 ووٹر بھی انٹر نیٹ ووٹنگ کے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے لئے 7 ہزار 804 پریزائیڈنگ افسر اور 22 ہزار 736 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران سمیت اتنی ہی تعداد میں پولنگ افسر مقرر کئے ہیں۔ 14 اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن میں پاک فوج نہ صرف پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر موجود رہے گی، بلکہ وہ پرنٹنگ پریس اور انتخابی عملے کی سیکورٹی کی بھی ذمہ دار ہوگی