اراکین اسمبلی کے تھر دورے پر قحط متاثرین کا احتجاج
مٹھی (نمایندہ امت) وزیر اعلی ٰ سندھ کی ہدایت پر گزشتہ روز تھرپارکر پہنچنے والے اراکین سندھ اسمبلی کے سامنے قحط متاثرین نے احتجاج شروع کردیا ،گندم اورعلاج سمیت دیگر بنیادی سہولیات نہ ملنے کی شکایات کے انبار لگادیئے ۔جس پر صوبائی وزیر امتیاز شیخ ،مشیر وزیر اعلی ٰ مرتضی ٰوہاب عباسی اور رکن اسمبلی قاسم سومرو نے متاثرین کو جلد ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جب کہ سول اسپتال مٹھی میں مریضوں کی شکایت پر ڈی سی اور ایم ایس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں اراکین اسمبلی نے گزشتہ روز سول اسپتال مٹھی اور بچوں کے وارڈ کا دورہ کیا اس دوران مریضوں نے ڈاکٹر ز اور عملے کی شکایات کے انبار لگادیئے کہ مریضوں نے صوبائی کابینہ وزراء کو بتایا کہ آپ کے دور ے پر اسپتال میں صفائی کی گئی ہے اور سارا عملہ ڈیوٹیوں پر موجود ہیں ،جبکہ رات کے اوقات میں ڈاکٹر ز اور وعملہ موجود ہی نہیں ہوتا ہے ،جس پر وزرا نے مٹھی اسپتال کے ایم ایس کی سرزنش کی اور حکم دیا کہ مریضوں آئندہ سے مریضوں کو 24گھنٹے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور اگر شکایات آئیں تو ہمیں ہی ایکشن لینا پڑے گا بعد ازاں فوڈگودام مٹھی کے دورے کے دوران متاثرین نے شکایت کی کہ ہم کئی دنوں سے سینٹر پر مفت گندم کے حصول کے لئے چکر کاٹ رہے ہیں، لیکن نادرا کی فہرستوں میں نام ہی درج نہیں کیا گیا ہے ۔