بھتہ خور – بیمار جانوروں کا گوشت بیچنے والے 3 ملزم پکڑے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران بیمار جانوروں کی فروخت میں ملوث 3 ملزمان اور بھتہ خور سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، جبکہ نیو کراچی اور کلفٹن پولیس نے شیشہ بارز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 21 ملزمان کو گرفتار کرکے شیشہ (حقے) اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ پولیس نے مخبر خاص کی اطلاع پر شاہ فیصل روڈ پر واقع ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اور بیمار جانوروں کو ذبح کرکے ان کاگوشت عام مارکیٹ میں فروخت کرنے میں ملوث تین ملزمان محمد فرید عرف راجو، محمد نعیم اور راشد کو گرفتار کرکے 40 کلو سے زائد غیر معیاری گوشت قبضے میں لے لیا، جبکہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کا مالک محمد شاہد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان غیر معیاری اور بیمار جانوروں کو ذبح کرکے گوشت کا ایک حصہ عام مارکیٹ میں فروخت کرچکے تھے جبکہ آدھا حصہ پولیس نے قبضے میں لےکر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ٹیپو سلطان پولیس نے بھتہ خور اخلاق احمد عرف کالا کو کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ سچل پولیس نے چار ملزمان نعیم عرف گل زمان، عیسی خان، طیب اور سعید کو ، ناظم آباد پولیس نے کارروائی کے دوران منشیات کے ڈیلر حنیف عرف پنکھا کو گرفتار کرکے5 کلو منشیات برآمد کرلی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہوچکا ہے۔ چاکیواڑہ پولیس نے ملزم سیف اللہ عرف پٹھان کو لیاقت آباد پولیس نے منشیات فروش فیضان عرف انور کو گارڈن پولیس نے دو منشیات فروشوں فہیم عرف کالا اور بابر عرف چٹا کو بوٹ بیسن پولیس نے 2 ملزمان عمیر اور یاسین کو ماڈل کالونی پولیس نے 2 ملزمان شہزاد اور سلیم عرف سنیل کو کھوکھرا پار پولیس نے ملزم مشتاق کو گرفتار کرکے کچی شراب کے ڈرم برآمد کرلئے۔ پیر آباد پولیس نے دو مفرور ملزمان جاوید اقبال اور محمد سرتاج کو گرفتار کرلیا۔ نیوکراچی پولیس نے کارروائی کے دوران شیشہ بار پر کارروائی کے دوران 19 افراد کو گرفتار کرکے شیشے(حقے) اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ کلفٹن پولیس نے شیشہ بار پر کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے شیشہ قبضے میں لے لیا۔