بلدیہ عظمیٰ کی غفلت سے شہر میں ملیریا پھیل گیا

0

کراچی ( رپورٹ / صفدر بٹ ) بلدیہ عظمیٰ کی غفلت سے شہر میں ملیریا پھیل گیا ۔2017 کے دوران شہر میں ملیریا کے 2 ہزار 408 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں برس کے 9 ماہ کے دوران سرکاری اسپتالوں میں ملیریا سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 2100 سےتجاوز کر گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگست سے نومبر تک کے 4 ماہ کے دوران ملیریا کیسز کی شرح بڑھ جاتی ہے اس لئے متعلقہ اداروں کو موثر اسپرے مہم کے ذریعے مرض پر قابو پانے کے اقدامات کرنے چاہیئں بصورت دیگر مرض وبائی صورت اختیار کر سکتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال اور موثر اسپرے مہم شروع نہ ہونے سے شہر میں ملیریا کیسز کی شرح میں اضافہ ہو گیا ہے اور سرکاری و نجی اسپتالوں میں یومیہ درجنوں کیس رپورٹ ہو رہے ہیں ۔ سول اسپتال ، جناح ، این آئی سی ایچ ، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں ملیریا کنٹرول پروگرام کے 32 مراکز قائم ہیں جہاں شہریوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم مریضوں کی بڑی تعداد ملیریا بخار کے علاج کیلئے نجی اسپتالوں کا رخ کرتیہے جس کی وجہ سے ہزاروں متاثرہ افراد ملیریا کے مراکز پررپورٹ ہونے سے رہ جاتے ہیں۔ ڈائریکٹر صحت کراچی کی جانب سے ملیریا کیسز کی شرح میں اضافے کی اطلاعات پر مرض پر قابو پانے کیلئے ملیریا کنٹرول پروگرام سے مدد مانگ لی ہے اور ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول پروگرام کو لکھے گئے لیٹر میں گاڑیوں ، آلات و مشینری اور ادویات فراہمی کی استدعا کی ہے تاکہ شہر میں قائم نئی آبادیوں میں صفائی کی ناقص صورتحال کے سبب بڑھتے ہوئے ملیریا کیسز پر قابو پایا جا سکے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صفائی کے ناقص و ناکافی انتظامات اور موثر اسپرے مہم نہ چلائے جانے کی وجہ سے مچھروں سے پھیلنے والے امراض بڑھنا شروع ہو گئے ہیں اگر ان ایام میں موثر اسپرے مہم چلائی جائے تو مرض کو بڑی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More