اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر تعینات امریکہ ،اقوام متحدہ اور کینیڈا میں تعینات پاکستانی سفیروں کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔کسی عہدے پر 5برس سے تعینات افسران بھی ہٹائے جائیں گے۔انگریزی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں تعینات سفیر علی جہانگیر صدیقی، اور کینیڈا میں تعینات ہائی کمشنر طارق عظیم کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ حکومتی فہرست میں صرف بیورو کریٹس اور بیرونی ممالک میں تعینات سفیر ہی نہیں بلکہ بعض اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی شامل ہیں ۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کی وائس چانسلر حنا طیبہ اپنے منصب پر 10برس سے زائد عرصے سے تعینات ہیں۔وفاقی حکومت کے دباؤ پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستفعی ہو گئے ہیں ۔نام شائع نہ کرنے کی شرط پر ایک وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ افسران کو نوٹس جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے عہدے رضا کارانہ طور پرچھوڑ دیں ورنہ انہیں طے شدہ ملکی قوانین کے تحت برطرف کر دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے حالیہ دورہ امریکہ میں سفیروں کو واپسی کیلئے تیار رہنے کا انتباہ دیدیا ہے ۔حکومت پہلے ہی تعیناتیوں کو منسوخ کر چکی ہے ۔ نیشنل بینک کے صدر کے عہدے سےسعید احمد کو ہٹانے کے بعد اب تک کسی افسر کو تعینات نہیں کیا گیا ۔2روز قبل وفاقی سیکریٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا کو ہٹانے کے باوجود کسی کو تعینات نہیں کیا گیا ۔