کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس میں ملزم متحدہ رہنما عامر خان کو گواہ نے شناخت کرلیا۔منگل کوانسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت کے موقع پر جیل حکام کی جانب سے ملزمان منہاج قاضی اور رئیس مما کو پیش کیا گیا۔ ملزم متحدہ رہنما عامر خان بھی پیش ہوئے۔سماعت کے دوران رینجرز کے تفیشی افسر اور گواہ ڈی ایس آر ریاض کا بیان قلمبند کیا گیا ، گواہ نے متحدہ رہنما عامر خان کو شناخت کرلیا ، گواہ کا کہنا تھا کہ 11مارچ 2015کو ایم کیو ایم کے مرکزنائن زیرو پر آپریشن کیا گیا تھا ، عامر خان کو ایم کیو ایم کے مرکز کے قریب واقع خورشید میموریل ہال سے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے گواہ کا بیان قلمبند کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ استغاثہ کے مطابق عامر خان سمیت تینوں ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔ملزمان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے،عامر خان ضمانت پر رہا ہیں۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ صفورہ کیس میں ملزم سلطان قمر کے بھائی حسین عمر صدیقی کے ایک مرتبہ پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔منگل کے روز سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ صفورہ کیس کی سماعت ہوئی۔