نیب حکام نے سلمان شہباز سے ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی
لاہور(امت نیوز) آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز بھی بدھ کو نیب دفتر پہنچ گئے جہاںان سے ڈیڑھ گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی گئی ۔ آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں نواز لیگی رہنما مدثر قیوم ناہرہ بھی نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے اوراپنی ذرائع آمدن کا ریکارڈ نیب کے حوالے کیا۔احتساب عدالت نے پنجاب انرجی ڈویلپمنٹ کیس میں سابق وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف کے داماد اور اشتہاری ملزم عمران علی کی اربوں مالیت کی جائیداد کی قرقی کیلئے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سلمان شہباز سے بدھ کو نیب دفترمیں ڈیڑھ گھنٹہ پوچھ گچھ کی گئی ۔نیب نے سلمان شہباز کو سوالنامہ دیا ہے جس کے جواب کی روشنی میں مزید کارروائی ہو گی۔سلمان شہباز شریف فیملی کی 29 سے زائد کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں اور اپنے والد شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہیں۔سلمان شہباز چنیوٹ پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہیں ۔ ماضی میں بینکوں سے 7 ارب قرض لینے کے باوجود یہ کمپنی بند پڑی ہے۔