دیور نے بیٹے سے مل کر بھابھی کو مار ڈالا – 2 زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)دیور نے بیٹے سے مل کر بھابھی کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ نور خان محلہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جھگڑے کے دوران رشتہ داروں نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے، جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت 50 سالہ طوطی زوجہ محمد سومار کے نام سے ہوئی ، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ سومار کا سوتیلا بھائی روشن اور اسکا بھتیجا وحید رات گئے، سومار کے گھر آئے اور اس دوران ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر سومار کے سوتیلے بھائی اور بھتیجے نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سومار کی بیوی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگئی۔ علاوہ ازیں بلوچ کالونی کے علاقے محمود آباد گلی نمبر 36 بی میں مزدور غلام یاسین اور محبوب بلاک لے کر جارہے تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار دانش نامی نوجوان فیملی کو لے کر جارہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل کو ٹکر لگ گئی جس پر دانش اور غلام یاسین کے درمیان جھگڑا ہوگیا اور کچھ ہی دیر بعد دانش اپنے چچا ارشاد کو لے کر آگیا ، جس پر دانش کے چچا ارشاد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ارشاد کا بھیتجا دانش اور مزدور غلام یاسین گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ ملزم ارشاد موقع سے فرارہوگیا۔ دانش کو دو گولیاں لگی ہیں جس کی حالت تشویشناک ہے جسے نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ منگھوپیر کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 ڈی میں ڈکیتی مزاحمت پر 35 سالہ اسحاق ولد نقیب اللہ زخمی ہوگیا۔