پشاور(نمائندہ خصوصی) افغانستان میں امریکی طیاروں کی بمباری اورافغان فوج کی گولہ باری سے خواتین اور بچوں سمیت 16شہری شہید جبکہ طالبان کے حملوں میں 27 افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔طالبان نے صوبہ سرپل میں ضلعی مرکز کا محاصرہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکیوں اور افغان فوجیوں نے ہلمند، فاریاب اور فراہ صوبوں میں عوام کا جینا حرام کررکھا ہے۔صوبہ ہلمند کے ضلع نادعلی کے علاقے شاول ماندہ میں امریکی اور افغان فوجیوں پر طالبان نے حملہ کیا جس سے ایک ٹینک تباہ اور 2 کمانڈوز ہلاک ہوگئے۔ بعد میں امریکی و افغان فوج نے علاقے کو مارٹرتوپوں سے نشانہ بنایا جس سے 2 مکانات منہدم، 2 گاڑیاں تباہ، 13 خواتین وبچے شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ ایک مکان میں صرف ایک بچہ زندہ بچا۔ صوبہ فراہ ضلع خاک سفید میں بھی امریکیوں نے ایک شہری شا گل کو شہید کردیا۔ صوبہ فاریاب کے ضلع چھل گزئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکی طیاروں نے علاقے پر بمبار کی جس سے 2 بچوں سمیت3 شہری شہیدجبکہ 2 بچے زخمی ہوگئے۔ ادھر افغانستان کے صوبہ سرپل میں طالبان نے ضلع بل خاب کے ضلعی مرکز اور پولیس ہیڈکوارٹر پر حملے کئے جس کے نتیجے میں8 اہلکار ہلاک جبکہ 15زخمی ہو گئے ۔طالبان نے ہلکے وبھاری ہتھیاروں سے ضلعی مرکز، پولیس ہیڈکوارٹر اور آس پاس چوکیوں پر حملہ کیا جس سے کمانڈر سہراب قاسمی اور کمانڈر بلوک سمیت 8 اہلکار ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ ضلعی مرکز طالبان کے محاصرے میں آگیا ہے۔اسی طرح ہلمند میں طالبان کے چوکی پر حملے میں 7 اہلکار ہلاک وزخمی ہو گئے ۔ہزارگان اور ماتکہ کے علاقوں میں پولیس وفوجیوں پر حملہ ہوا جس سے 7 اہلکار ہلاک ہوئے۔نمروز میں کاروان پر حملے میں گاڑی تباہ اور اس میں سوار متعدد اہلکار زخمی ہو گئے ۔صوبہ نمروز کے ضلع خاشرود میں فوجی قافلے پر طالبان نے حملہ کیا۔منار کے علاقے میں کاروان پر حملہ ہوا جس میں ایک گاڑی تباہ اور اس میں سوار اہلکار زخمی ہوگئے۔ اورزگان میں پولیس پر حملے میں 6 اہلکار ہلاک جبکہ ٹینک تباہ ہو گیا ۔صوبہ ا رزگان کے صدر مقام ترین کوٹ شہر اور ضلع دھراود میں گوگرک کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکے سے ٹینک تباہ اور اس میں سوار 3 اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ضلع دھراود سے اطلاع ملی کہ چتو کے علاقے میں پولیس پر حملہ ہوا جس میں 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔صوبہ فراہ ضلع بالابلوک میں چوکی سے اہلکار فرار ہو گئے جبکہ طالبان نے وسیع علاقے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔اسی طرح صوبہ غور ضلع چھارسدہ منگ کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکے سے 2 موٹرسائیکل تباہ اور ان پر سوار 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔قندھار میں کاروان پر حملے میں 3 ٹینک تباہ ہو گئے ۔صوبہ قندہار کے ارغستان، ڑڑئی، میوند اور نیش اضلاع میں افغان فوجیوں وپولیس اہلکاروں پر حملے کئے گئے جبکہ دھماکے بھی ہوئے ۔ محمدزوں کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکے سے رینجر گاڑی تباہ ہوگئی۔ ضلع ڑڑئی سے اطلاع ملی کہ کٹہ نان نامی چوکی کے قریب بم دھماکے سے موٹرسائکل تباہ اور اس پر سوار 2 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ ضلع نیش میں سپالائی کانوائی پر یکے بعد دیگرے بم دھماکے ہوئے جس سے 2 ٹینک ایک کاماز گاڑی تباہ اور ان میں سوار اہلکار ہلاک وزخمی ہوگئے۔